جواب:
رمضان المبارک میں سحری کھانے کی فضیلت اور اس کے فیوض و برکات کا بکثرت تذکرہ ہمیں احادیث مبارکہ میں ملتا ہے۔ کیونکہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بالالتزام روزے کا آغاز سحری کھانے سے فرماتے اور دوسروں کو بھی سحری کھانے کی تاکید فرماتے۔ جیسا کہ درج ذیل احادیث مبارکہ سے ثابت ہے :
1۔ حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :
تَسَحَّرُوْا فَإِنَّ فِی السَّحُوْرِ بَرَکَةً.
مسلم، الصحيح، کتاب الصيام، باب فضل السحور و تأکيد استحبابه، 2 : 770، رقم : 1095
’’سحری کھایا کرو کیونکہ سحری میں برکت ہے۔‘‘
2۔ حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :
اَلسُّحُوْرُ أَکْلُهُ بَرَکَةٌ فَلَا تَدْعُوْهُ.
احمد بن حنبل، المسند، 3 : 12، رقم : 11102
’’سحری سراپا برکت ہے اسے ترک نہ کیا کرو۔‘‘
3۔ حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے یہ بھی فرمایا :
فَإِنَّ اﷲَ وَ مَلاَئِکَتَهُ يُصَلُّوْنَ عَلَأ الْمُتَسَحِّريْنَ.
احمد بن حنبل، المسند، 3 : 12، رقم : 11102
’’اﷲ تعالیٰ اور اس کے فرشتے سحری کرنے والوں پر اپنی رحمتیں نازل کرتے ہیں۔‘‘
4۔ حضرت عمرو بن العاص رضی اﷲ عنہما سے مروی ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :
فَصْلُ مَا بَيْنَ صِيَامِنَا وَصِيَامِ أَهْلِ الْکِتَابِ، أَکْلَةُ السَّحَرِ.
مسلم، الصحيح، کتاب الصيام، باب فضل السحور و تأکيد استحبابه، 2 : 771، رقم : 1096
’’ہمارے اور اہل کتاب کے روزوں میں سحری کھانے کا فرق ہے۔‘‘
5۔ حضرت عرباض بن ساریہ رضی اﷲ عنہما سے مروی ہے کہ میں نے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے سنا :
وَهُوَ يَدْعُوْا إِلَی السُّحُوْرِ فِی شَهْرِ رَمًضَانْ، فَقَالَ : هَلُمُّوْاإِلَی الْغَدَاءِ الْمُبَارَکِ.
1. ابن حبان، الصحيح، 8 : 244، رقم : 3465
2. بيهقی، السنن الکبری، 6 : 23، رقم : 7905
’’آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم رمضان المبارک میں سحری کے لئے بلاتے اور ارشاد فرماتے : صبح کے مبارک کھانے کے لئے آؤ۔‘‘
روزے میں سحری کو بلاشبہ اہم مقام حاصل ہے۔ روحانی فیوض و برکات سے قطع نظر سحری دن میں روزے کی تقویت کا باعث بنتی ہے۔ اس کی وجہ سے روزے میں کام کی زیادہ رغبت پیدا ہوتی ہے۔ علاوہ ازیں سحری کا تعلق رات کو جاگنے کے ساتھ بھی ہے کیونکہ یہ وقت ذکر اور دعا کا ہوتا ہے جس میں اﷲ تعالیٰ کی رحمتیں نازل ہوتی ہیں اور دعا اور استغفار کی قبولیت کاباعث بنتا ہے۔
واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔