Fatwa Online

اگر پانی لگنے سے بیماری کا خدشہ ہو تو وضو اور غسل کا کیا حکم ہے؟

سوال نمبر:5401

السلام علیکم! مفتی صاحب مجھے سکن کا مسئلہ ہے ڈاکٹر اس کو فش سکن کہتے ہیں۔ پانی کے لگتے ہی خارش شروع ہو جاتی ہے ہلکا سا پانی بھی استعمال نہیں کر سکتا۔ مجھے یہ جاننا ہے کہ میرے لیے وضو کا کیا حکم ہے کیوں کہ ہر نماز کے لیے نہانا میرے لیے ممکن نہیں نہانے کے بعد کریم لگانے سے فرق پڑتا ہے لیکن وضو کر کے کریم بھی لگاوں تو فرق نہیں پڑتا۔ پلیز مجھے اس کا جواب ضرور عنایت فرمایں جزاک اللہ خیراََ کثیراََ

سوال پوچھنے والے کا نام: حامد حمید

  • مقام: لاہور، پاکستان
  • تاریخ اشاعت: 10 مئی 2019ء

موضوع:تیمم  |  وضوء

جواب:

اگر کسی شخص کے لیے پانی کا استعمال ممکن نہ ہوکہ بیماری بڑھنے کا خطرہ ہو یا پھر جان بھی جاسکتی ہو تو ایسی صورتوں میں مریض طہارت کے لیے پانی استعمال نہ کرے بلکہ تیمم کر کے نماز پڑھ سکتا ہے۔ قرآنِ مجید میں اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:

وَإِن كُنْتُمْ جُنُبًا فَاطَّهَّرُواْ وَإِن كُنتُم مَّرْضَى أَوْ عَلَى سَفَرٍ أَوْ جَاءَ أَحَدٌ مِّنكُم مِّنَ الْغَائِطِ أَوْ لاَمَسْتُمُ النِّسَاءَ فَلَمْ تَجِدُواْ مَاءً فَتَيَمَّمُواْ صَعِيدًا طَيِّبًا فَامْسَحُواْ بِوُجُوهِكُمْ وَأَيْدِيكُم مِّنْهُ.

اور اگر تم حالتِ جنابت میں ہو تو (نہا کر) خوب پاک ہو جاؤ، اور اگر تم بیمار ہو یا سفر میں ہو یا تم سے کوئی رفعِ حاجت سے (فارغ ہو کر) آیا ہو یا تم نے عورتوں سے قربت (مجامعت) کی ہو پھر تم پانی نہ پاؤ تو (اندریں صورت) پاک مٹی سے تیمم کر لیا کرو۔ پس (تیمم یہ ہے کہ) اس (پاک مٹی) سے اپنے چہروں اور اپنے (پورے) ہاتھوں کا مسح کر لو۔

الْمَآئِدَة، 5: 6

حضرت عطاء بن ابی رباح سے روایت ہے کہ حضرت عبد اﷲ بن عباس رضی اللہ عنہما نے فرمایا کہ:

أَصَابَ رَجُلاً جُرْحٌ فِى عَهْدِ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، ثُمَّ احْتَلَمَ فَأُمِرَ بِالاِغْتِسَالِ فَاغْتَسَلَ فَمَاتَ فَبَلَغَ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، فَقَالَ: قَتَلُوهُ قَتَلَهُمُ اللَّهُ أَلَمْ يَكُنْ شِفَاءُ الْعِىِّ السُّؤَالَ.

رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے زمانہ مبارک میں ایک آدمی کو زخم پہنچا پھر اُسے احتلام ہو گیا تو اُسے غسل کرنے کا حکم دیاگیا۔ اُس نے غسل کیا تو فوت ہو گیا۔ جب یہ بات رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تک پہنچی تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: اُسے قتل کر دیا گیا، اﷲ اُنہیں مارے، کیا معلوم کر لینا بے خبری کا علاج نہیں ہے؟

  1. أحمد بن حنبل، المسند، 1: 130، رقم: 3057، مصر: مؤسسة قرطبة
  2. أبو داود، السنن، كتاب الطهارة، ، باب في المجروح يتيمم، 1: 93، رقم: 337، بیروت: دار الفکر

مذکورہ بالا تصریحات پر قیاس کرتے ہوئے آپ مستند ڈاکٹر کی رائے کے مطابق نہا کر دواء استعمال کر لیں اور ساتھ ہی نماز ادا کریں۔ جب نہانا ممکن نہ ہو تو تیمم کر کے نماز پڑھ سکتے ہیں۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی:محمد شبیر قادری

Print Date : 24 November, 2024 07:07:00 AM

Taken From : https://www.thefatwa.com/urdu/questionID/5401/