Fatwa Online

آل‌ِ عمران سے کون لوگ مراد ہیں؟

سوال نمبر:5218

سورہ آلِ عمران کی وجہ تسمیہ کیا ہے؟ آل‌ِ عمران سے کونسے لوگ مراد ہیں؟

سوال پوچھنے والے کا نام: محمد جاوید اختر اعوان

  • مقام: راولپنڈی
  • تاریخ اشاعت: 09 جنوری 2019ء

موضوع:علومِ قرآن

جواب:

آلِ عمران کا معنیٰ ہے عمران کے خاندان والے‘ قرآنِ مجید کی تیسری سورت کی آیت نمبر 33 میں سیدنا آدم، سیدنا نوح اور آلِ ابراہیم علیہم السلام کے ساتھ آلِ عمران کے انتخاب اور عالمین پر ان کی فوقیت کا تذکرہ کیا گیا ہے اِسی مناسبت سے اس سورت کا نام ’سورہ آلِ عمران‘ رکھا گیا ہے۔

اسلامی ادب میں عمران نام کی دو شخصیات کا ذکر ملتا ہے:

  1. حضرت موسیٰ و ہارون علیہما السلام کے والد گرامی عمران بن یَصہر
  2. حضرت مریم علیہا السلام کے والد گرامی عمران بن ماثان

یہ سورت ان میں سے کون سے عمران سے موسوم ہے؟ اس سلسلے میں مفسرین کے ہاں احتمال پایا جاتا ہے۔ تاہم آیت نمبر 33 کے سیاق و سباق سے راجح قول یہ معلوم ہوتا ہے کہ اس مراد حضرت مریم کے والدِ گرامی یعنی عمران بن ماثان اور ان کی آل ہے۔ مفسرین کی اکثریت کا رجحان بھی اسی قول کی طرف ہے۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی:محمد شبیر قادری

Print Date : 21 November, 2024 10:28:57 PM

Taken From : https://www.thefatwa.com/urdu/questionID/5218/