خواب میں رسول اللہ ﷺ کا کسی شخص سے شادی کی بشارت دینا حکم کا درجہ رکھتا ہے؟
سوال نمبر:5131
السلام علیکم و رحمۃ اللہ! قبلہ مفتی صاحب ہماری ایک بچی ہے جو حافظہ عالمہ صالحہ اور اعلی تعلیم یافتہ ہے۔ اس نے خواب میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا دیدار کیا‘ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ایک ایسے عالم دین سے جو ہمارا کفو ہے اس کے بارے میں فرمایاکہ یہ میرا حمزہ ہے اس کا خیال رکھنا۔ ایک بار اس عالم دین سے شادی کرنے کا حکم ارشاد فرمایا ہے اور اس سے نکاح کی بشارت دی اور تصدیق فرمائی۔ ایک شیخ الحدیث کامل پیر نے کہا کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ان کے نکاح کا حکم دیا ہے۔ شرعاً اس کی کیا حیثیت ہے؟
سوال پوچھنے والے کا نام: محمد نعمان
- مقام: ملتان
- تاریخ اشاعت: 20 اکتوبر 2022ء
موضوع:خواب اور بشارات
جواب:
نکاح کا فیصلہ خواب کی بنیاد پر کرنا درست نہیں ہے۔ اچھی طرح دیکھ
بھال کر کے، جہاں تک ممکن ہو چھان بین کریں، اور کفو کا خیال رکھتے ہوئے فیصلہ کریں کہ اس عالمِ دین کے ساتھ شادی کرنا درست ہے یا نہیں۔
خواب میں کسی کام کا اشارہ ہونا الگ شے ہے اور اس کی تعبیر بالکل الگ معاملہ ہے، اکثر دونوں چیزیں ایک دوسرے سے مختلف اور بعض اوقات تو ایک دوسرے کے بالکل متضاد ہوتی ہیں۔ اس لیے ضروری نہیں کہ کوئی کام جس طرح خواب میں ہوتا ہوا نظر آئے اس کی تعبیر کا معاملہ بھی بالکل
ویسا ہی ہو۔ رسول اللہ ﷺ کی زیارت برحق ہے، مگر جس طرح پہلے بیان کیا گیا ہے کہ خواب
اور اس کی تعبیر الگ الگ معاملے ہیں۔ دنیا کے امور حقیقت کی بنیاد پر طے کیے جانے چاہیئں،
خوابوں کی بنیاد پر نہیں۔
واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔
مفتی:محمد شبیر قادری
Print Date : 23 November, 2024 04:20:23 PM
Taken From : https://www.thefatwa.com/urdu/questionID/5131/