Fatwa Online

قرآن میں‌ عدمِ تحریف کی دلیل کیا ہے؟

سوال نمبر:5103

السلام علیکم ورحمة اللّہ وبرکاتہ! مفتی صاحب مجھ سے ایک غیر مسلم نے سوال کیا ہے کہ آپ کی الہامی کتاب (یعنی قرآن مجید) کی کیا حقیقت ہے کہ اس میں تحریف نہیں ہوئی؟ وہ مجھ سے عقلی دلیل مانگ رہا ہے تو برائے کرم اس کا جواب ارشاد فرمائیں ؟

سوال پوچھنے والے کا نام: محمد عبید خان

  • مقام: کراچی
  • تاریخ اشاعت: 22 اپریل 2019ء

موضوع:تلاوت‌ قرآن‌ مجید  |  علومِ قرآن

جواب:

یہ عدالت و مباحث کا قاعدہ ہے کہ جب کوئی شخص کسی معاملے میں دعویٰ کرے تو بارِ ثبوت بھی اسی پر ہوتا ہے‘ اس لیے جو قرآن مجید میں تحریف کا دعویٰ کرتا ہے اس پر لازم ہے کہ اس کا ثبوت بھی دے کہ قرآنِ مجید کے فلاں لفظ، آیت یا سورہ میں تحریف ہوئی ہے، پھر ہی اس کے رد میں دلائل پیش کیے جاسکتے ہیں۔ ہمارا تو ایمان ہے کہ قرآنِ مجید میں نہ تحریف ہوئی ہے اور نہ ہی تاقیامت ہوگی۔ اس کے لیے یہی دلیل کافی ہے کہ قرآنِ مجید واحد کتاب ہے جس کو پوری دنیا میں کروڑوں افراد نے حفظ کر رکھا ہے اور 1400 سال میں قرآنِ مجید کے ایک لفظ زیر زبر کی بھی تبدیلی نہیں کی گئی۔

سال 2015 میں برطانیہ کی برمنگھم یونیورسٹی کی ایک لائبریری سے قرآنِ مجید کا قدیم ترین نسخہ منظرعام پر آیا‘ ماہرین کے مطابق یہ نسخہ اب تک دستیاب قرآن پاک کے پرانے نسخوں میں سب سے قدیم ہے اور اب تک کی تحقیقات سے یہ بات پایہ ثبوت کو پہنچی ہے کہ مذکورہ قرآنی نسخہ نہ صرف سب سے پرانا ہے بلکہ اسے ممکنہ طور پر خود دور رسالتمآب صلی علیہ وآلہ وسلم یا پہلے خلیفہ راشد حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کے دور میں مرتب کیا گیا تھا۔ برمنگھم یونیورسٹی کی جانب سے کیے جانے والے ریڈیو کاربن ٹیسٹ سے قرآن پاک کے نسخے کے لیے استعمال کی گئی بھیڑ یا بکری کی کھال کی عمر کا اندازہ لگایا گیا جس سے معلوم ہوا ہے کہ یہ کھال 1370 برس یا اس سے بھی پہلے کی ہے۔ تجزیے کے مطابق یہ سنہ 568ء اور سنہ 645ء کے درمیان کا نسخہ ہے۔ اس کی عبارت اور موجودہ قرآنی مطبوعات کی عبارت میں رتی برابر فرق نہیں۔ اس سے بڑھ کر قرآنِ مجید میں عدمِ تحریف کا ثبوت کیا ہوسکتا ہے؟

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی:محمد شبیر قادری

Print Date : 21 November, 2024 03:56:53 PM

Taken From : https://www.thefatwa.com/urdu/questionID/5103/