Fatwa Online

ممنوعاتِ احرام کونسے ہیں؟

سوال نمبر:5097

السلام علیکم! عمرہ کا احرام باندھنے کے بعد کونسے امور ممنوع ہوتے ہیں؟ ایک عمرہ ادا کرنے کے بعد جب انسان حجامت کروا لیتا ہے تو پھر عمرہ ادا کرنے کے بعد حجامت کا کیا حکم ہے؟

سوال پوچھنے والے کا نام: حافظ بلال

  • مقام: لاہور
  • تاریخ اشاعت: 13 اکتوبر 2018ء

موضوع:احرام کے احکام

جواب:

ممنوعات احرام کو تین درجوں میں تقسیم کیا جاسکتا ہے جو کہ حسب ذیل ہیں:

1-وہ ممنوعاتِ احرام جو لاعلمی یا بھول چوک سے کرنے پر کوئی فدیہ یا دم (قربانی) نہیں البتہ یاد آتے ہی یا علم ہوتے ہی ان سے رک جانا ضروری ہے، مثلاً: سلے ہوئے کپڑے پہننا‘ سر ڈھانکنا‘ خوشبو استعمال کرنا‘ ناخن یا بال نوچنا وغیرہ۔

2-وہ ممنوعات احرام جن پر یک قربانی یا چھ مسکینوں کا کھانا یا تین دن کے روزوں کا فدیہ ادا کرنا پڑتا ہے، مثلاً: شکار کرنا یا کھانا‘ نکاح کرنا یا کروانا‘ یوم نحر سے قبل حجامت وغیرہ کروانا۔

3-وہ ممنوعات احرام جن سے حج یا عمرہ باطل ہو جاتا ہے، مثلاً: بیوی سے صحبت کرنا۔

بہرحال حالتِ احرام میں ممنوعہ امور درج ذیل ہیں:

  1. شکار کرنا، شکاری کی مدد کرنا، شکار کی طرف اشارہ کرنا۔
  2. حدودِ حرم میں درخت، گھاس، پودے وغیرہ کاٹنا یا مکھی، مچھر، جوں وغیرہ مارنا۔
  3. جسم سے کوئی بال توڑنا یا کاٹنا یا ناخن وغیرہ تراشنا/ترشوان
  4. سلے ہوئے کپڑے پہننا مثلاً قمیص، شلوار یا ٹوپی وغیرہ
  5. خوشبو کا استعمال کرنا خواہ کسی طریقے سے بھی ہو مثلاً خوشبودار صابن سے نہانا یا خوشبودار سرمہ لگانا یا کھانے پینے کی اشیاء میں خوشبو کا استعمال مثلاً کسٹرڈ، اچار، چٹنی اور شربت وغیرہ اسی طرح خوشبو دار تمباکو اور پانی بھی اسی حکم میں آتے ہیں۔
  6. مرد کے لئے سر اور چہرے کا چھپانا اور عورت کے لئے چہرے پر کپڑے کا مس ہونا (البتہ عورت کے لئے سر ڈھانپنا ضروری ہے)۔
  7. میاں بیوی کا ازدواجی تعلقات قائم کرنا، جنسی گفتگو کرنا، چاہے وہ گفتگو اپنی بیوی سے ہی کیوں نہ ہو۔ علاوہ ازیں ایسے قول و افعال جس سے طبیعت میں ہیجان پیدا ہو۔

اگر کسی نے ایک عمرہ ادا کرنے کے بعد دوسرا ادا کیا ہے تو حجامت کرواتے ہوئے وہ بس استرا پھروائے گا۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی:محمد شبیر قادری

Print Date : 27 November, 2024 08:26:07 AM

Taken From : https://www.thefatwa.com/urdu/questionID/5097/