Fatwa Online

کیا اذان نام رکھنا درست ہے؟

سوال نمبر:5025

السلام علیکم! آذان (الف مدہ کے ساتھ) یا اذان (الف مدہ کے بغیر) نام رکھنا کیسا ہے؟ برائے مہربانی راھنمائی فرما کر عنداللہ ماجور ھوں

سوال پوچھنے والے کا نام: حسان معاویہ

  • مقام: بہاولپور
  • تاریخ اشاعت: 18 ستمبر 2018ء

موضوع:اسلامی نام

جواب:
عربی میں درست لفظ اذان (الف مدہ کے بغیر) ہے جس کا لغوی معنیٰ ’پکار‘ کے ہیں، جبکہ اصطلاح میں اس سے مراد خاص الفاظ میں‌ نماز کی ادائیگی کے لیے لوگوں‌ کو پکارنا ہے۔

کسی بچے کا نام رکھنے کے لیے اذان کوئی مناسب نام نہیں۔ بچے کا بامعنیٰ اور اچھا نام رکھیں۔ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بچوں کے بامعنی اور اچھے نام رکھنے کا حکم فرمایا ہے۔ امام طوسی روایت کرتے ہیں:

جَاءَ رَجُلٌ إِلَی النَّبِيِّ صلی الله علیه وآله وسلم فَقَالَ یَارَسُوْلَ اﷲِ مَا حَقَّ إِبْنِيْ هٰذَا؟ قَالَ (صلی الله علیه وآله وسلم) تَحَسَّنَ إِسْمُهٗ وَأدَّبَهٗ وَصَنَعَهٗ مَوْضِعاً حَسَناً.

ایک شخص رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں حاضر ہوکر عرض گزار ہوا: یارسول اللہ ( صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ) میرے اس بچے کا مجھ پر کیا حق ہے؟ آپ ( صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ) نے فرمایا: تو اس کا اچھا نام رکھ، اسے آداب سکھا اور اسے اچھی جگہ رکھ (یعنی اس کی اچھی تربیت کر)۔

محمد بن أحمد صالح، الطفل في الشریعة الاسلامیة: 74، مصر: قاهرة

اور حضرت ابو درداء رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:

إِنَّکُمْ تُدْعَوْنَ یَوْمَ الْقِیَامَةِ بِأَسْمَائِکُمْ وَأَسْمَاءِ آبَائِکُمْ فَأَحْسِنُوا أَسْمَائَکُمْ.

روزِ قیامت تم اپنے ناموں اور اپنے آباء کے ناموں سے پکارے جاؤ گے اس لیے اپنے نام اچھے رکھا کرو۔

  1. أحمد بن حنبل، المسند، 5: 194، رقم: 21739، مصر: مؤسسة قرطبة
  2. أبي داؤد، السنن، کتاب الأدب، باب في تغیر الأسماء، 4: 287، رقم: 4948، بیروت: دار الفکر
  3. دارمي، السنن، 2: 380، رقم: 2694، بیروت، لبنان: دار الکتاب العربي

مذکورہ بالا روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے نہ صرف اچھے ناموں کو پسند فرمایا بلکہ اچھے نام رکھنے کا حکم بھی دیا اور اسے بچے کا پیدائش کے بعد اولین حق قرار دیا ہے۔ آپ بھی بچے کا کوئی بامعنیٰ نام رکھیں۔بہتر ہے بچے کا نام انبیائے کرام علیہم السلام، اہل بیت اطہار اور مخلصین اصحابِ‌ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ناموں پر رکھیں۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی:محمد شبیر قادری

Print Date : 21 November, 2024 10:32:29 PM

Taken From : https://www.thefatwa.com/urdu/questionID/5025/