Fatwa Online

کیا یتیم پوتا دادی کے ترکہ میں حصہ دار ہے؟

سوال نمبر:4756

میری دادی کے نام زمین تھی جس پر گھر بنا ہوا تھا، اب دادی کا انتقال ہو گیا ہے اور دادا پہلے ہی وفات پا چکے ہیں۔ دادی کی اولاد میں 3 بیٹے اور تین بیٹیاں ہیں‘ جس میں سے سب سے بڑے بیٹے کا انتقال ہو چکا ہے۔ دادی والے مکان میں سب سے بڑا بیٹا رہتا ہے۔ اگر ہم یہ زمین فروخت کریں‌ تو کس کو کتنا حصہ ملے گا؟

سوال پوچھنے والے کا نام: شاہ زمان

  • مقام: پاکستان
  • تاریخ اشاعت: 10 مارچ 2018ء

موضوع:تقسیمِ وراثت

جواب:

اگر آپ کے دادا کی وفات دادی کی وفات سے پہلے ہو گئی تھی تو دادی کی تمام وراثت اولاد میں تقسیم ہوگی۔ تقسیم کا اصول وہی ہے جو قرآنِ مجید میں اللہ تعالیٰ نے بیان کیا ہے کہ:

يُوصِيكُمُ اللّهُ فِي أَوْلاَدِكُمْ لِلذَّكَرِ مِثْلُ حَظِّ الْأُنثَيَيْنِ.

اللہ تمہیں تمہاری اولاد (کی وراثت) کے بارے میں حکم دیتا ہے کہ لڑکے کے لئے دو لڑکیوں کے برابر حصہ ہے۔

النساء، 4: 11

اگر کوئی بیٹا ماں سے پہلے فوت ہو گیا ہے تو اس کی اولاد دادی کے ترکہ میں حصہ دار نہیں ہے، اگر بعد میں فوت ہوا ہے تو ماں کی وراثت میں اس کا حصہ ہے جو اب اس کی اولاد کو مل جائے گا۔

اگر آپ کی دادی کی وفات کے وقت تین بیٹے اور تین بیٹیاں زندہ تھے تو دادی کے ترکہ کو کل نو (9) حصوں میں تقسیم کیا جائے گا‘ ہر لڑکے کو دو اور ہر لڑکی کو ایک حصہ ملے گا۔ لیکن اگر دادی کی وفات کے وقت ان کے ورثاء دو بیٹے اور تین بیٹیاں موجود تھیں تو دادی کے کل ترکہ کو سات حصوں میں تقسیم کیا جائے گا‘ ہر بیٹے کو دو حصے اور ہر بیٹی کو ایک حصہ دیا جائے گا۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی:محمد شبیر قادری

Print Date : 23 November, 2024 04:44:27 PM

Taken From : https://www.thefatwa.com/urdu/questionID/4756/