Fatwa Online

باجماعت نماز کے دوران وضو ٹوٹ جائے تو کیا حکم ہے؟

سوال نمبر:4581

السلام علیکم! میرا سوال یہ ہے کہ کیا ریح خارج ہونے پر وضو کرنے سے پہلے استنجا کرنا ضروری ہے؟ اگر میں پہلی صف میں باجماعت نماز ادا کر رہا ہوں اور میرے پیچھے تین، چار صفیں مزید ہیں اور ریح خارج ہونے سے وضو ٹوٹ جاتا ہے تو اس صورت میں مجھے کیا کرنا چاہیے؟ اگر میں دوسروں کو نماز میں ڈسٹرب نہ کرنے کی نیت سے وہیں کھڑا رہتا ہوں‌ اور بعد میں وضو کر کے نماز لوٹاتا ہوں تو کیا مجھے باجماعت نماز کا ثواب ملے گا؟

سوال پوچھنے والے کا نام: آفتاب اشرف

  • مقام: لاہور
  • تاریخ اشاعت: 26 دسمبر 2017ء

موضوع:نمازِ باجماعت کے احکام و مسائل

جواب:

صرف ریح خارج ہونے پر وضو دوبارہ کرنا ضروری ہے، استنجاء کرنا ضروری نہیں۔ حضرت علی بن طلق رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ و سلم نے فرمایا:

إِذَا فَسَا أَحَدُکُمْ فِي الصَّلَاةِ فَلْیَنْصَرِفْ فَلْیَتَوَضَّأْ وَلْیُعِدْ صَلَاتَهُ.

جب تم میں سے کسی کی نماز کے اندر ہوا خارج ہو جائے تو چھوڑ کر چلا جائے اور وضو کرکے دوبارہ نماز پڑھے۔

أبي داود، السنن، 1: 53، رقم: 205، بیروت: دار الفکر

اس حدیثِ مبارکہ سے معلوم ہوا کہ نماز میں وضو ٹوٹ جانے کی صورت میں اپنی جگہ پر کھڑے رہنے کی اجازت نہیں ہے بلکہ وضو کر کے دوبارہ نماز میں شامل ہونے کی ترغیب دی گئی ہے۔ ایک اور روایت میں حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کا بیان ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا:

مَنْ أَصَابَهُ قَیْئٌ أَوْ رُعَافٌ أَوْ قَلَسٌ أَوْ مَذْیٌ فَلْیَنْصَرِفْ فَلْیَتَوَضَّأْ ثُمَّ لِیَبْنِ عَلَی صَلَاتِهِ وَهُوَ فِي ذَلِکَ لَا یَتَکَلَّمُ.

جسے نماز میں قے، نکسیر، یا مذی آ جائے وہ لوٹ کر وضو کرے اور جہاں نماز کو چھوڑا تھا وہیں سے شروع کر دے لیکن اس درمیان میں کلام نہ کرے۔

ابن ماجه، السنن، 1: 385، رقم: 1221، بیروت: دار الفکر

اور حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے ہی مروی ایک حدیث مبارکہ میں دورانِ نماز وضو ٹوٹ جانے کی صورت میں صفوں سے نکل کر جانے کے بارے میں بتایا گیا ہے۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا:

إِذَا صَلَّی أَحَدُکُمْ فَأَحْدَثَ فَلْیُمْسِکْ عَلَی أَنْفِهِ ثُمَّ لِیَنْصَرِفْ.

اگر کوئی نماز میں بے وضو ہو جائے تو وہ ناک پکڑ کر علیحدہ ہو جائے۔

ابن ماجه، السنن، 1: 386، رقم: 1222

درج بالا احادیث میں دورانِ نماز وضو ٹوٹ جانے کے بعد صف میں کھڑا رہنے سے منع کیا گیا ہے۔ ایسی صورت میں جس حد تک ممکن ہو دوسروں کی نماز میں خلل ڈالے بغیر انسان صف سے باہر آئے اور بغیر کسی سے بھی کلام کیے وضو کر کے دوبارہ جماعت میں شامل ہو جائے، اگر کوئی رکعت رہ گئی ہو تو اسے بعد میں مکمل کر لے۔ نماز ثواب و جزا کے ناپ تول کے لیے نہیں بلکہ اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حکم کی بجاآوری اور ان کو راضی کرنے کے لیے باجماعت ادا کرنی چاہیے۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی:محمد شبیر قادری

Print Date : 23 November, 2024 05:02:41 PM

Taken From : https://www.thefatwa.com/urdu/questionID/4581/