Fatwa Online

کیا سوتیلی ماں سے نکاح‌ جائز ہے؟

سوال نمبر:4579

السلام علیکم مفتی صاحب! میرے گروپ میں ایک آدمی نے اپنے باپ کے مرنے کے بعد اس نے اپنی سوتیلی ماں سے نکاح کر لیا۔ کیا اس کیلئے اس کی سوتیلی ماں جائز ہے یا ناجائز ہے؟

سوال پوچھنے والے کا نام: عقیل احمد شفیق

  • مقام: مالیگاؤں، مہاراشٹر
  • تاریخ اشاعت: 14 دسمبر 2017ء

موضوع:محرمات نکاح

جواب:

قرآنِ مجید میں اللہ تعالیٰ نے ان عورتوں کی فہرست بیان کی ہے جن سے نکاح حرام ہے اور اس فہرست کی ابتداء سوتیلی ماں کے ساتھ نکاح کی حرمت سے کی گئی ہے۔ چناچہ ارشاد ہے:

وَلاَ تَنكِحُواْ مَا نَكَحَ آبَاؤُكُم مِّنَ النِّسَاءِ إِلاَّ مَا قَدْ سَلَفَ إِنَّهُ كَانَ فَاحِشَةً وَمَقْتًا وَسَاءَ سَبِيلاً.

اور ان عورتوں سے نکاح نہ کرو جن سے تمہارے باپ دادا نکاح کر چکے ہوں مگر جو (اس حکم سے پہلے) گزر چکا (وہ معاف ہے)، بیشک یہ بڑی بے حیائی اور غضب (کا باعث) ہے اور بہت بری روِش ہے۔

النساء، 4: 22

اسلام کی آمد سے پہلے کچھ قبائل میں رواج تھا کہ باپ کی منکوحات بیٹوں کو وراثت میں ملتی تھیں اور بیٹے انھیں بیوی بنا لینے میں کوئی قباحت محسوس نہیں کرتے تھے۔ قرآنِ مجید نے اسے صریح بےحیائی، نہایت قابل نفرت فعل اور بدترین رواج قرار دیا ہے اور کسی بھی مسلمان کے لیے اس فعل شنیع کا ارتکاب حرام ہے۔

اس لیے جس شخص نے بھی سوتیلی ماں سے نکاح کیا ہے‘ اس نے قطعی فعلِ حرام کا ارتکاب کیا۔ اس کا نکاح قائم ہی نہیں ہوا۔ اسے فوراً توبہ کرنی چاہیے۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی:محمد شبیر قادری

Print Date : 23 April, 2024 08:56:13 PM

Taken From : https://www.thefatwa.com/urdu/questionID/4579/