نماز میں کون سے امور سنت ہیں؟
سوال نمبر:456
نماز میں کون سے امور سنت ہیں؟
سوال پوچھنے والے کا نام:
- تاریخ اشاعت: 27 جنوری 2011ء
موضوع:نماز | عبادات
جواب:
جو چیزیں نماز میں حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ثابت ہیں لیکن ان کی تاکید فرض اور
واجب کے برابر نہیں سنن کہلاتی ہیں۔ نماز میں درج ذیل سنن ہیں :
- تکبیر تحریمہ کہنے سے پہلے دونوں ہاتھ کانوں تک اٹھانا۔
- دونوں ہاتھوں کی انگلیوں کو معمول کے مطابق کھلی اور قبلہ رخ رکھنا۔
- تکبیر کہتے وقت سر کو نہ جھکانا۔
- امام کا تکبیر تحریمہ اور ایک رکن سے دوسرے رکن میں جانے کی تمام تکبیریں بلند
آواز سے کہنا۔
- سیدھے ہاتھ کو بائیں ہاتھ پر ناف کے نیچے باندھنا۔
- ثناء پڑھنا۔
- تعوذ یعنی اَعُوْذُ بِاﷲِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيْمِ پڑھنا۔
- تسمیہ یعنی بِسْمِ اﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ پڑھنا۔
- فرض نماز کی تیسری اور چوتھی رکعت میں صرف سورہ فاتحہ پڑھنا۔
- آمین کہنا
- ثنا، تعوذ، تسمیہ اور آمین سب کا آہستہ پڑھنا۔
- سنت کے مطابق قرات کرنا یعنی نماز میں جس قدر قرآن مجید پڑھنا سنت ہے اتنا
پڑھنا۔
- رکوع اور سجدے میں تین تین بار تسبیح پڑھنا۔
- رکوع میں سر اور پیٹھ کو ایک سیدھ میں برابر رکھنا اور دونوں ہاتھوں کی کھلی
انگلیوں سے گھٹنوں کو پکڑ لینا۔
- قومہ میں امام کا سَمِعَ اﷲُ لِمَنْ حَمِدَهُ (تسمیع) اور مقتدی کا رَبَّنَا
لَکَ الْحَمْد (تحمید) کہنا اور منفرد کا تسمیع اور تحمید دونوں کہنا۔
- سجدے میں جاتے وقت پہلے دونوں گھٹنے، پھر دونوں ہاتھ، پھر ناک پھر پیشانی رکھنا
اور اٹھتے وقت اس کے برعکس عمل کرنا یعنی پہلے پیشانی پھر ناک پھر ہاتھ اور اس کے
بعد گھٹنے اٹھانا۔
- جلسہ اور قعدہ میں بایاں پاؤں بچھا کر اس پر بیٹھنا اور سیدھے پاؤں کو اس طرح
کھڑا رکھنا کہ اس کی انگلیوں کے سرے قبلہ رخ ہوں اور دونوں ہاتھ رانوں پر رکھنا۔
- تشہد میں اَشْهَدُ اَنْ لَّا اِلٰهَ پر شہادت کی انگلی سے اشارہ کرنا اور
اِلَّا اﷲُ پر انگلی گرا دینا۔
- قعدہ اخیرہ میں تشہد کے بعد درودِ ابراہیمی پڑھنا۔
- درود کے بعد دعا پڑھنا۔
- پہلے دائیں طرف پھر بائیں طرف سلام پھیرنا۔
واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔
Print Date : 15 January, 2025 05:50:19 PM
Taken From : https://www.thefatwa.com/urdu/questionID/456/