Fatwa Online

کیا عقدِ ثانی کے لیے پہلی بیوی کی اجازت ضروری ہے؟

سوال نمبر:4526

نکاح ثانی کے لئے زوجہ اول سے اجازت ضروری ہے؟ اجازت نہ ملنے کی صورت میں دوسری شادی جائز ہے؟ قرآن و حدیث کی روشنی میں جواب عنایت فرمائیں۔

سوال پوچھنے والے کا نام: خورشید احمد

  • مقام: حیدراباد ہند
  • تاریخ اشاعت: 18 نومبر 2017ء

موضوع:نکاح  |  معاشرت

جواب:

شرعی طور پر دوسری شادی کے لیے پہلی بیوی سے اجازت لینا ضروری نہیں ہے۔ قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:

فَانكِحُواْ مَا طَابَ لَكُم مِّنَ النِّسَاءِ مَثْنَى وَثُلاَثَ وَرُبَاعَ.

’ان عورتوں سے نکاح کرو جو تمہارے لئے پسندیدہ اور حلال ہوں، دو دو اور تین تین اور چار چار (مگر یہ اجازت بشرطِ عدل ہے)‘

(النِّسَآء، 4: 3)

یہ آیت کریمہ مطلق ہے، اس میں دوسری، تیسری یا چوتھی شادی کے لیے کسی بیوی کی اجازت کی کوئی قید نہیں ہے، تاہم اگر بیویوں کے درمیان انصاف نہ کرسکنے کا اندیشہ ہو تو ایک سے زائد شادی کی اجازت نہیں ہے۔

اگرچہ شرعی طور پر دوسری شادی کے لیے پہلی بیوی سے اجازت لینا لازم نہیں ہے‘ تاہم پاکستانی قوانین ’مسلم فیملی لاء آرڈیننس مجریہ 1961‘ کے تحت یہ قانونی تقاضا ہے۔ ’مسلم فیملی لاء‘ کے مطابق پہلی بیوی کی اجازت کے بغیر دوسری شادی قانوناً جرم ہے جس کی سزا 6 ماہ قید اور 2 لاکھ روپے جرمانہ ہے۔ اس لیے مناسب ہے کہ دوسری شادی کے لیے پہلی بیوی سے مشاورت و اجازت لی جائے تاکہ قانونی تقاضا بھی پورا ہو جائے اور مستقبل میں کسی قسم کی بدمزگی کا سامنا بھی نہ کرنا پڑے۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی:محمد شبیر قادری

Print Date : 20 April, 2024 12:51:26 PM

Taken From : https://www.thefatwa.com/urdu/questionID/4526/