جواب:
ایسی شے جو نمازی اپنے آگے رکھ کر نماز ادا کرے تاکہ دورانِ نماز اس کے آگے سے گزرنے والا گناہگار نہ ہو اسے سترہ کہتے ہیں۔
حضرت طلحہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :
’’تم میں سے کوئی شخص جب نماز پڑھے تو اپنے سامنے پالان کی پچھلی لکڑی کے برابر کوئی چیز رکھ لے پھر اس کے آگے سے گزرنے والے کی پرواہ نہ کرے۔‘‘
مسلم، الصحيح، کتاب الصلٰوة، باب سترة المصلی، 1 : 358، رقم : 499
ایک اور حدیث پاک میں حضرت عبد اﷲ بن عمر رضی اﷲ عنہما سے مروی ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جب عید کی نماز ادا کرنے کے لیے تشریف لے جاتے تو نیزہ گاڑھنے کا حکم دیتے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سامنے نیزہ گاڑھ دیا جاتا، پھر لوگوں کو جماعت کراتے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سفر میں بھی اسی کا اہتمام فرماتے تھے، اس بناء پر حکام بھی نیزہ رکھتے ہیں۔
مسلم، الصحيح، کتاب الصلوٰة، باب سترة المصلیٰ، 1 : 359، رقم : 501
سترہ زیادہ سے زیادہ تین ہاتھ اونچا کسی بھی چیز کا ہو اور کم از کم ایک ہاتھ اونچا ایک انگلی کے برابر موٹا ہونا چاہئے۔ اگر بہت زیادہ اونچا ہو تب بھی حرج نہیں۔
واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔