Fatwa Online

کیا زانیہ سے نکاح منعقد ہو جاتا ہے؟

سوال نمبر:4111

چند دن قبل زید کی شادی ہوئی ہے لیکن پہلی رات ہی لڑکی کے بتانے پر معلوم ہوا کہ لڑکی کسی اور لڑکے سے بدکاری کی وجہ سے ایک ماہ کی حاملہ ہے۔ علاج کے ذریعے حمل ختم کر دیا گیا۔ کیا ان کا نکاح منعقد ہوا؟

سوال پوچھنے والے کا نام: آیان ثناءاللہ

  • مقام: کوٹ مومن
  • تاریخ اشاعت: 20 جنوری 2017ء

موضوع:زنا و بدکاری

جواب:

ارشادِ باری تعالیٰ ہے:

وَاُولَاتُ الْاَحْمَالِ اَجَلُهُنَّ اَنْ يَّضَعْنَ حَمْلَهُنَّ ط

اور حاملہ عورتیں (تو) اُن کی عدّت اُن کا وضعِ حمل ہے۔

الطلاق، 65: 4

علامہ شوکانی لکھتے ہیں:

قال أبو حنيفة بل تعتد بوضعه ولو کان من زنا لعموم الآية.

امام ابو حنیفہ رحمہ اﷲ نے فرمایا: بلکہ حاملہ کی عدت وضع حمل ہے۔ اگرچہ حمل زنا سے ہو کیونکہ آیت مبارکہ عام ہے۔

الشوکاني، نيل الأوطار، 7: 89، بيروت: دار الجيل

عورت کو حمل چاہے نکاح سے ٹھہرے یا زنا سے، دورانِ حمل اس کا نکاح صرف اسی شخص سے نکاح منعقد ہوگا جس کے ساتھ مباشرت کی وجہ سے حمل ٹھہرا ہے۔ وضع حمل تک کسی اور مرد سے اس کا نکاح منعقد نہیں ہوگا۔ اس لیے زید کے ساتھ جو نکاح ہوا وہ سرے سے منعقد ہی نہیں ہوا۔ بقول آپ کے صفائی کروا کر حمل زائل کر دیا گیا ہے اور رحم خالی ہو گیا ہے، اب اگر زید اور لڑکی رضامند ہوں تو دوبارہ نکاح کر کے بطور میاں بیوی رہ سکتے ہیں۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی:محمد شبیر قادری

Print Date : 24 November, 2024 07:12:42 AM

Taken From : https://www.thefatwa.com/urdu/questionID/4111/