Fatwa Online

جمعۃ المبارک کے روز درود پاک پڑھنے کی فضیلت کیا ہے؟

سوال نمبر:408

جمعۃ المبارک کے روز درود پاک پڑھنے کی فضیلت کیا ہے؟

سوال پوچھنے والے کا نام:

  • تاریخ اشاعت: 26 جنوری 2011ء

موضوع:درود و سلام

جواب:

جمعۃ المبارک کے روز حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درود پاک پڑھنے کے بہت زیادہ فضیلت ہے۔ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے خود جمعہ کے روز کثرت سے درود شریف پڑھنے کا حکم فرمایا ہے۔ حضرت اَوس بن اَوس روایت کرتے ہیں کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :

إِنَّ مِنْ أَفْضَلِ أَيَّامِکُمْ يَوْمَ الْجُمُعَةِ، فِيْهِ خُلِقَ آدَمُ، وَفِيْهِ قُبِضَ وَفِيْهِ النَّفْخَةُ، وَفِيْهِ الصَّعْقَةُ فَأَکْثِرُوْا عَلَيَّ مِنَ الصَّلَاةِ فِيْهِ، فَإِنَّ صَلَاتَکُمْ مَعْرُوْضَةٌ عَلَيَّ.

’’بیشک تمہارے دنوں میں سے جمعہ کا دن سب سے بہتر ہے، اس دن حضرت آدم علیہ السلام پیدا ہوئے اور اسی دن انہوں نے وفات پائی اور اسی دن صور پھونکا جائے گا اور اسی دن سخت آواز ظاہر ہوگی۔ پس اس دن مجھ پر کثرت سے درود بھیجا کرو کیونکہ تمہارا درود مجھے پیش کیا جاتا ہے۔‘‘

اِس پر صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے عرض کیا : یا رسول اللہ! ہمارا درود آپ کے وصال کے بعد آپ کو کیسے پیش کیا جائے گا جب کہ آپ کا جسدِ مبارک خاک میں مل چکا ہوگا؟ تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :

إِنَّ اﷲَ حَرَّمَ عَلَی الْأَرْضِ أَجْسَادَ الْأَنْبِيَاءِ.

1. ابوداود، السنن، کتاب الصلاة، باب فضل يوم الجمعة وليلة الجمعة، 1 : 275، رقم : 1047
2. نسائی، السنن، کتاب الجمعة، باب بإکثار الصلاة علی النبی صلی الله عليه وآله وسلم يوم الجمعة، 3 : 91، رقم : 1374

’’بے شک اللہ عزوجل نے زمین پر انبیاے کرام کے جسموں کو (کھانا یا کسی بھی قسم کا نقصان پہنچانا) حرام کر دیا ہے۔‘‘

حضرت ابو درداء رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :

أَکْثِرُوا الصَّلَاةَ عَلَيَّ يَوْمَ الْجُمُعَةِ، فَإِنَّهُ مَشْهُودٌ تَشْهَدُهُ الْمَلَائِکَةُ، وَإِنَّ أَحَدًا لَنْ يُصَلِّيَ عَلَيَّ إِلَّا عُرِضَتْ عَلَيَّ صَلَاتُهُ حَتَّی يَفْرُغَ مِنْهَا.

ابن ماجه، السنن، کتاب الجنائز، باب ذکر وفاته و دفنه صلی الله عليه وآله وسلم ، 1 : 524، رقم : 1637

’’جمہ کے دن مجھ پر کثرت سے درود بھیجا کرو کیونکہ اس دن ملائکہ حاضر ہوتے ہیں اور جو شخص مجھ پر درود بھیجتا ہے اس کے درود سے فارغ ہونے سے پہلے ہی اس کا درود مجھے پیش کر دیا جاتا ہے۔‘‘

حضرت عبد اﷲ بن عباس رضی اﷲ عنھما روایت کرتے ہیں کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :

’’روشن رات اور روشن دن یعنی جمعہ کی رات اور جمعہ کے دن اپنے نبی پر کثرت سے درود بھیجا کرو۔‘‘

1. طبرانی، المعجم الأوسط، 1 : 83، رقم : 241
2. هيثمی، مجمع الزوائد، 2 : 169

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

Print Date : 24 November, 2024 06:46:36 AM

Taken From : https://www.thefatwa.com/urdu/questionID/408/