Fatwa Online

خواب میں‌ کیکڑے یا کچھوے دیکھنے کی کیا تعبیر ہے؟

سوال نمبر:3434

خواب میں کیکڑے اور کیچھوے کی تعبیر کیا ہے؟

سوال پوچھنے والے کا نام: اسحاق

  • مقام: ممبئی
  • تاریخ اشاعت: 10 جنوری 2015ء

موضوع:خواب اور بشارات

جواب:

علامہ ابنِ سیرین رحمۃ اللہ علیہ تعبیر الرؤیا میں فرماتے ہیں:

کیکڑا خواب میں کم ہمت آدمی کی علامت ہے۔ اگر دیکھے کہ کیکڑا پکڑا ہے تو اس کی تعبیر یہ ہے کہ کسی کم ہمت اور کمینہ صفت آدمی کا مصاحب ہوگا۔ اس سے تھوڑا نفع پائے گا۔

اگر کوئی شخص خواب میں دیکھے کہ اس نے کیکڑے کو مارا ہے یا دور ڈالا ہے تو اس کی تعبیر یہ ہے کہ وہ بد خواہ اور کم ہمت آدمی سے الگ ہوگا، اور اگر دیکھے کہ کیکڑے کا گوشت کھایا ہے تو اس کی تعبیر ہے کہ اسی قدر مال پائے گا۔

حضرت ابراہیم کرمانی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ اگر کوئی شخص خواب میں دیکھے کہ اس کے پاس کیکڑا ہے تو اس کی تعبیر ہے کہ خوش طبع آدمی سے دوستی کرے گا، خوش ہوگا اور اس سے نیکی پائے گا۔

آپ نے دوسرا لفظ درست نہیں لکھا جس کی وجہ سے اس کو سمجھنے میں دشواری درپیش ہے۔ اگر آپ نے کیچوا (گیلی زمین پر رہنے والا ایک کیڑا) لکھا ہے تو اس کے خواب میں نظر آنے کی تعبیر مختلف ہے، اور اگر کچھوا (ایک آبی جانور) لکھا ہے تو اس کی تعبیر جدا ہے۔ بہرحال دونوں کی وضاحت درج ذیل ہے:

 علامہ ابنِ سیرین رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ فرماتے ہیں کہ کیڑے مکوڑے جوکہ زمین پر ریگتے ہیں ان کے خواب میں آنے کی تاویل ان کی قدر و قیمت اور صداقت کے بموجب ہوتی ہے۔ جو کوئی ان میں سے ادنیٰ درجہ کا ہوگا علمِ تعبیر کی رو سے کسی قوی تر دشمن پر دلالت کرے گا۔ یہ تعبیر ان کیڑوں سے متعلق ہے جوکہ ریگنے والے اور زہردار ہوتے ہیں۔ حضرت امام جعفر رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا ہے کہ خواب میں حشرات الارض یا کیڑوں کو دیکھنا تہدید ہے کہ جس کی بازگشت کسی دشنام دہندہ اور حاسد کی طرف ہوا کرتی ہے۔

اگر آپ کی مراد کچھوا (آبی جانور) ہے تو اس کے بارے میں حضرت ابنِ سیرین نے فرمایا ہے کہ کشف کچھوے کو کہتے ہیں، اور خواب میں کچھوے کو دیکھنا کسی مرد زاہد عالم کی طرف اشارہ ہے۔ جس کی محبت سے منفعت ہے۔ اگر کوئی خواب میں دیکھے کہ اس کے پاس کچھوا ہے یا اس کے گھر میں آیا ہے تو اس کی تعبیر یہ ہے کہ صاحبِ خواب کو کسی زاہد مرد کے ساتھ محبت ہوگی۔ اگر دیکھے کہ اس اس نے کچھوے کا گوشت کھایا ہے اس کی تعبیر ہے کہ جتنا گوشت کھایا ہے اسی قدر علم حاصل کرے گا۔

حضرت ابراہیم رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ اگر کوئی خواب میں دیکھے کہ اس نے کچھوا گھر میں پایا ہے تو دلیل ہے کہ کسی عالم کی صحبت میں بیٹھے گا۔ اگر دیکھے کہ کچھوا مسجد میں یا کسی عزت والی جگہ پایا ہے تو دلیل ہے کہ زاہد (نیک) ہوگا، اس کی عالموں، زاہدوں اور بزرگوں کے نزدیک عزت ہوگی۔ حضرت جعفر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا ہے کہ خواب میں کچھوا دیکھنا تین (3) چیزوں کی علامت ہے:

  1. زاہد۔
  2. عالم مرد
  3. کسی کام کا ماہر۔

آپ نے چونکہ اس بات کی وضاحت نہیں کی تھی کہ کیکڑا، کیچوا اور کچھوا آپ نے کس حالت میں دیکھا ہے اس لیے ہم نے اس کی تمام صورتیں بیان کر دی ہیں۔ آپ خود اندازہ کر لیں کہ آپ نے کس حالت میں دیکھا ہے تو اس کی تعبیر کیا ہوسکتی ہے۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی:محمد شبیر قادری

Print Date : 22 November, 2024 02:19:55 AM

Taken From : https://www.thefatwa.com/urdu/questionID/3434/