Fatwa Online

کیا جمعہ کو کپڑے دھونا منع ہے؟

سوال نمبر:3405

کیا شریعت میں جمعہ کو کپڑے دھونے سے منع فرمایاگیاہے؟

سوال پوچھنے والے کا نام: محمد سہیل

  • مقام: دبئی
  • تاریخ اشاعت: 16 دسمبر 2014ء

موضوع:معاملات

جواب:

جمعہ کے روز کپڑے نہ دھونے کی ممانعت شریعت نے نہیں فرمائی۔ یہ اور اس طرح کی باتیں سوائے تواہم پرستی کے اور کچھ نہیں۔ شریعت نے جمعہ کے روز کے جو معمولات بیان کیے ہیں، وہ درج ذیل ہیں:

جمعہ کے دن غسل کرنے کی تاکید وارد ہوئی ہے۔ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم فرماتے ہیں:

غسلُ يومَ الجمعةِ واجبٌ على كلِّ محتلمٍ

  1. بخاری، الصحیح، رقم حدیث: 879
  2. مسلم، الصحیح، رقم حدیث: 846

جمعہ کے دن ہر بالغ پرغسل واجب ہے۔

جمعہ کے روز صاف ستھرے اور اچھے کپڑے پہننے، خوشبو استعمال کرنے، مسواک کرنے کے بارے میں اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ارشاد ہے:

غُسْلُ يومِ الجمعةِ على كلِّ مُحْتَلِمٍ . وسِوَاكٌ۔ ويَمَسُّ مِنَ الطِّيبِ ما قَدَرَ عليهِ

مسلم، الصحیح، رقم حدیث: 846

جمعہ کے دن ہر بالغ پر ضروری ہے کہ غسل کرے، اچھے کپڑے پہنے ، اور اگر خوشبو ہے تو استعمال کرے۔

جمعہ کے دن اور رات میں کثرت سے درود کا اہتمام کرنا بھی جمعہ کے معمولات میں سے ایک ہے۔ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا:

أكثروا من الصلاة علي في يوم الجمعة وليلة الجمعة، فمن فعل ذلك كنت له شهيدا وشافعا يوم القيامة

الجامع الصغير: 1405

جمعہ کے دن اور رات کثرت سے مجھ پر درود پڑھا کرو، جواس کی تعمیل کرے گا میں قیامت کے دن اس کے لیے گواہ اور سفارشی ہوں گا۔

اگر کسی شخص کا یہ دعویٰ ہے کہ جمعہ کے روز کپڑے دھونے کی ممانعت ہے، تو اسے چاہیے کہ اپنی بات کا حوالہ دے۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی:عبدالقیوم ہزاروی

Print Date : 03 December, 2024 10:50:28 PM

Taken From : https://www.thefatwa.com/urdu/questionID/3405/