Fatwa Online

کیا غیر مسلموں جیسا لباس پہننا جائز ہے؟

سوال نمبر:3219

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہٗ ! میرا سوال یہ ہے کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کوٹ پینٹ، جو انگریزی لباس ہے، کیوں پہنتے ہیں؟ کیا حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کبھی ایسا لباس پہنا ہے؟ کیا عیسائیوں کی طرح لباس پہننا جائز ہے؟ اور کیا ٹائی لگاناجائز ہے؟ میں نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے خطاب میں سنا تھا کہ ٹائی لگانا عیسائیوں کی علامت نہیں ہے ،یہ جائز ہے۔ ہمیں ٹائی پہننے کی ضرورت ہی کیا ہے جبکہ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کبھی اس کا استعمال نہیں کیا۔

سوال پوچھنے والے کا نام: محمد لطیف الحسن کلیمی

  • مقام: وجئے واڑہ، الہند
  • تاریخ اشاعت: 10 جون 2014ء

موضوع:پردہ و حجاب اور لباس  |  معاشرت

جواب:

سب سے پہلے تو یہ جان لیں کہ کوئی لباس انگریزی، عیسائی، ہندو یا یہودی نہیں ہے۔ ہر وہ لباس جو باپردہ ہو، گرمی سردی کی شدت سے بچائے اور پہنا ہوا اچھا لگے وہ اسلامی لباس ہے۔ قرآن و حدیث میں اس کے علاوہ کوئی پابندی نہیں لگائی گئی۔ اس لیے مذکورہ بالا شرائط پر پورا اترنے والا ہر لباس پہنا جا سکتا ہے۔

اسلام ہر علاقے کے لوگوں کو اپنے ثقافتی لباس پہنے کی اجازت دیتا ہے، اگر وہ اسلامی اصولوں کے مطابق ہوں۔ کیونکہ ہر علاقے، ثقافت اور کلچر کے اپنے انداز ہوتے ہیں۔ اسلام کسی ایک علاقے کے لیے نہیں آیا بلکہ یہ ایک آفاقی دین ہے جس نے ساری دنیا میں قابلِ قبول بننا ہے۔ یہ صرف اسی صورت میں ممکن ہے جب اسلام آفاقی انداز اپنائے۔ کسی ایک علاقے کے لباس، زبان اور رسوم کو لاگو نہ کرے۔

ہر دور اور ہر علاقے کے اپنے رنگ ہوتے ہیں، جو عربوں سے نہ بھی ملتے ہوں یا عہدِ رسالت مآب صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مطابق نہ بھی ہوں تو وہ قابلِ قبول ہوتے ہیں۔اگر برِ صغیر پاک و ہند کے اکثر مسلمانوں کا لباس دیکھا جائے تو وہ شلوار قمیض ہے، جبکہ رسول اللہ صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کے شلوار قمیض پہننے کی کوئی مستند روایت نہیں ملتی الاّ یہ کہ رسول اللہ صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اسے پسند فرمایا۔ اس کے علاوہ کھانے، پینے، سواری کرنے اور دیگر بہت سی اشیاء ہم ایسی استعمال کرتے ہیں جن کو رسول اللہ صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم نے استعمال نہیں کیا۔ جیسے موبائل فون، کمپیوٹر، گاڑیاں، موٹر سائیکل، اے سی، پینکھے، کھانے پینے میں برگر، بوتل، پیزے وغیرہ اور ہزاروں ایسی اشیاء جن کا ذکر کرنا ممکن نہیں ہے۔

رہا لباس کا مسئلہ تو یہ بات ذہن نشین رہے کہ مدینہ اور عرب علاقوں کے یہودی اور عیسائی جبّے پہنتے تھے۔ حضور صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ان کو دیکھ کر جبہ پہننے کو ناجائز اور غیر اسلامی قرار نہیں دیا بلکہ خود پہن کر یہ ثابت کر دیا کہ کوئی لباس غیر اسلامی نہیں ہے جو باپردہ اور دیدہ زیب ہو۔

ٹائی لباس کا حصہ ہے، مذہب کا نہیں۔ کوئی بھی اس کو عیسائیت کا حصہ نہیں سمجھتا۔ اگر ٹائی عیسائیت کی علامت ہوتی تو عیسائی اپنے علاوہ کسی دوسرے مذہب کے ماننے والے کو یہ نہ پہننے دیتے اور دوسری طرف ہر ٹائی پہنے ہوئے کو عیسائی سمجھا جاتا۔ ہم سب جانتے ہیں کہ ایسا نہیں ہے۔ اس لیے یہ درست نہیں کہ پینٹ کوٹ اور ٹائی کو عیسائی لباس قرار دے دیا جائے اور ہر ٹائی لگانے والے کو عیسائی سمجھا جائے۔ جب نبی اکرم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم نے مسلمان ہونے کے لیے کسی ایک لباس کو لازمی قرار نہیں دیا تو ہمارا بھی یہ فریضہ ہے کہ ہم امت پر تنگی نہ کریں۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی:محمد شبیر قادری

Print Date : 03 December, 2024 10:38:36 PM

Taken From : https://www.thefatwa.com/urdu/questionID/3219/