Fatwa Online

اسلام میں مسلک کی کیا اہمیت ہے؟

سوال نمبر:2988

السلام و علیکم میرا سوال یہ ہے کہ مسلک کیا ہوتا ہے اور کیوں؟ معلوم یہ کرنا ہے کہ اسلام میں مسلک کی کیا اہمیت ہے؟ کیا کسی مسلک کو کسی دوسرے مسلک پر فوقیت ہے؟

سوال پوچھنے والے کا نام: محمود سعید

  • مقام: کراچی
  • تاریخ اشاعت: 03 جنوری 2014ء

موضوع:متفرق مسائل

جواب:

مسلک راستے کو کہتے ہیں جس پر چلا جائے۔ فروعی مسائل میں اختلافات کی بنیاد پر مختلف مسلک وجود میں آئے جیسے حنفی، مالکی، شافعی اور حنبلی وغیرہ۔ ہر مسلمان کسی نہ کسی مسلک کو اپنائے ہوئے ہے اور دین کے معاملات میں راہنمائی حاصل کرتا ہے۔

اور آپ کا یہ سوال کہ مسلک (کیوں) اس کا جواب یہ ہے کہ عقائد کے لحاظ سے سواد اعظم متفق ہے جو عقائد کے اعتبار سے سواد اعظم سے الگ ہو کر فرقہ قائم کر لے وہ گمراہ ہے۔ لیکن کچھ فروعی مسائل میں اختلاف ہونا کوئی بری بات نہیں۔ یہ اختلاف علم میں ترقی کا سبب بنتا ہے۔ کیونکہ جب بھی اختلاف پایا جائے تو ایک دوسرے کے مقابلے میں زیادہ سے زیادہ محنت کی جاتی ہے۔ نئی سے نئی ایجادات ہوتی ہیں اور ہر روز نئے نئے آنے والے مسائل کا حل آسانی سے مل جاتا ہے۔ یہ اختلاف ہر جگہ پایا جاتا ہے مثلا ایک ہی مرض کی تشخیص اور علاج کے لیے طبیب مختلف طریقے اور ادویات استعمال کرتے ہیں لیکن ان کا مقصد ایک ہی ہوتا ہے۔ اسی طرح کراچی سے لاہور آنے جانے کے لیے مختلف راستے اور ذرائع استعمال کیے جا سکتے ہیں۔ جس طرح جس کو سہولت ہو اسی طرح آ جا سکتا ہے۔ لہذا اگر مقصد اللہ تعالی اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رضا حاصل کرنا ہو تو جو بھی شرعی راستہ استعمال کیا جائے درست ہے۔ یہ مختلف مسلک ہمارے لیے آسانیاں پیدا کرتے ہیں۔ کیونکہ مختلف علاقوں کے مختلف موسم ہیں جو جو مسائل درپیش آتے ہیں ان میں لچک ہونے کی وجہ سے امت کے لیے آسانی اور راہنمائی کا سبب بنتے ہیں۔ اس لیے یہ ہمارے لیے اہمیت کے حامل ہیں۔ جس مسلک کے دلائل قوی اور واضح ہوں اس کو دوسروں پر فوقیت ہے۔

مزید مطالعہ کے لیے درج ذیل سوالات پر کلک کریں۔

  1. انسان مختلف زبانیں کیوں بولتے ہیں؟
  2. مفتیوں کا آپس میں اختلاف کرنا کیسا ہے؟

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی:عبدالقیوم ہزاروی

Print Date : 22 November, 2024 02:29:25 AM

Taken From : https://www.thefatwa.com/urdu/questionID/2988/