Fatwa Online

خواب میں اللہ کی آواز کو سننے کی کیا تعبیر ہے؟

سوال نمبر:2058

السلام علیکم میں نے خواب میں دیکھا ہے کہ میں نے ہیڈفون لگائے ہوئے ہیں اور اس میں‌ سے بہت خوبصورت آواز آ رہی ہے تو میں کہتی ہوں‌ کہ اللہ کی آواز کتنی خوبصورت ہے پھر میں کہتی ہوں کہ اللہ پاک قیامت کی نشانیاں بیان کر رہے ہیں۔ براہ مہربانی مجھے اس کی تعبیر بتا دیں، شکریہ۔

سوال پوچھنے والے کا نام: حرا منیر

  • مقام: پاکستان
  • تاریخ اشاعت: 28 اگست 2012ء

موضوع:معاملات  |  خواب اور بشارات

جواب:

خواب میں اللہ کے دیدار کی مختلف تعبیریں انسان کے مختلف احوال کے اعتبار سے ہو سکتی ہیں جو درج ذیل ہیں۔

1۔ اگر کوئی شخص خواب میں دیکھے کے اللہ اس سے کلام کر رہا ہے تو اس کی تعبیر یہ ہے کہ اللہ تعالی اس کو ڈرا رہا ہے اور گناہوں سے اسے روک رہے ہیں۔

2۔ حضرت جعفر صادق رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ اللہ تعالی کو خواب میں دیکھنے کی تاویل سات وجہ پر ہے۔

  1. معافی اور بخشش
  2. بلا اور مصیبت سے امن
  3. نور اور ہدایت اور دین میں قوت
  4. ظالموں پر فتح
  5. بلا اور آخرت کے عذاب سے امن
  6. ملک میں عوام اور بادشاہ کا عادل ہونا
  7. عزت وشرف، دنیا وآخرت میں بلند مقام کا پایا جانا۔

یہ وجوہات نظر رحمت کی صورت میں ہیں اور خدا نخواستہ نظر قہر ہے تو اس کے برخلاف ہو گا۔

3۔ بعض دفعہ اللہ کی آواز سننا خوف سے امن اور اپنے مقصد کو پہنچنے پر دلالت کرتا ہے۔

بہر صورت اللہ تعالی کو خواب میں دیکھنا خیر کی دلیل ہے اور بعض دفعہ انسان کو راہ راست پر آنے پر بھی دلالت کرتا ہے۔ آپ پابندی سے فرائض کی ادائیگی کریں، اسلامی تعلیمات کے مطابق اپنی زندگی بسر کریں۔ گناہوں کو ترک کریں اور سچی توبہ کریں۔ اللہ تعالی دنیا وآخرت میں آپ کو بلند مقام عطا فرمائے۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی:حافظ محمد اشتیاق الازہری

Print Date : 03 December, 2024 10:54:16 PM

Taken From : https://www.thefatwa.com/urdu/questionID/2058/