Fatwa Online

کیا نبی کریم (ص) کے 99 نام قرآن اور حدیث سے ثابت ہیں؟

سوال نمبر:1886

کیا نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے 99 نام قرآن اور حدیث سے ثابت ہیں؟

سوال پوچھنے والے کا نام: محمد

  • مقام: اسلام آباد، باكستان
  • تاریخ اشاعت: 29 جون 2012ء

موضوع:متفرق مسائل

جواب:

قرآن وحدیث میں اسمائے مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بکھرے موتی ہیں۔ جو مختلف مقامات پر الگ الگ موجود ہیں۔

علماء کرام نے انہیں مختلف جگہوں سے اکٹھا کر کے لکھ دیا ہے۔ بعض علماء نے اسمائے مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعداد تو بہت زیادہ بتلائی ہے۔

جس طرح اللہ تعالی کے ان گنت اسمائے حسنی منقول ہیں لیکن ذاتی نام صرف اللہ ہے اسی طرح حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے صفاتی نام تو بے شمار ہیں لیکن ذاتی نام صرف دو ہیں۔ "محمد" اور "احمد" حضور علیہ الصلاۃ والسلام نے فرمایا زمین پر میرا نام محمد اور آسمان پر احمد ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اسماء کے حوالے سے علماء کے متعدد اقوال درج ذیل ہیں۔

  1. امام قسطلانی نے المواہب اللدنیہ 2 : 11 - 21 میں 337 نام بتائے ہیں۔
  2. امام جلال الدین السیوطی نے الریاض الانیقہ فی شرح اسماء خیر الخلیفۃ، صفحہ 359 میں 340 نام بتائے ہیں۔
  3. امام صالحی نے 754 نام بتائے ہیں۔ سبل الھدی والرشاد 1 : 407 - 537
  4. ابن فارس نے 1200 نام بتائے ہیں نسیم الریاض، 3 : 241
  5. قاضی ابو بکر بن عربی نے جامع الترمذی کی شرح میں بعض صوفیاء سے نقل کیا ہے کہ اللہ تعالی کے 1000 نام ہیں اور حضور علیہ الصلاۃ والسلام کے بھی 1000 نام ہیں۔

حضور علیہ الصلاۃ والسلام کے ناموں کے حوالے سے تفصیلات سے پڑھنے کے لیے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتاب
اسمائے مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
 کا مطالعہ فرمائیں۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی:حافظ محمد اشتیاق الازہری

Print Date : 21 November, 2024 10:51:35 PM

Taken From : https://www.thefatwa.com/urdu/questionID/1886/