وہ کون سی صفات ہیں جو صرف اللہ کے لئے مخصوص ہیں؟
سوال نمبر:17
وہ کون سی صفات ہیں جو صرف اللہ کے لئے مخصوص ہیں؟
سوال پوچھنے والے کا نام:
- تاریخ اشاعت: 18 جنوری 2011ء
موضوع:توحید
جواب:
وہ صفات جو اللہ تعالیٰ کے لئے خاص ہیں ان میں سے کچھ درج ذیل ہیں:
- عبادت کے لائق اور مستحق فقط اللہ تبارک و تعالیٰ کی ذات ہے، اس لیے عبادت
میں کسی کو اس کا شریک نہ ٹھہرایا جائے۔
- حقیقی عالم الغیب محض اللہ تعالیٰ کی ذات ہے۔
- وہ تصرفات جو صرف اللہ تعالیٰ کے ساتھ مختص ہیں، مثلاً اس کا خالق حقیقی ہونا،
قادر مطلق ہونا۔ اپنے وجود کے استعمال میں کسی کا محتاج نہ ہونا، ان صفات و تصرفات
کو صرف اللہ تعالیٰ کے لیے ثابت کرنا ضروری ہے۔
- دعا قبول کرنے والی ذات صرف اللہ تعالیٰ کی ہے، اس لیے اللہ ہی کو دعا قبول
کرنے والا مانا جائے۔
- ایسے افعال جو صرف اللہ تعالیٰ کے لئے خاص ہیں، مثلاً عدم سے کائنات کو وجود
میں لانا، زندگی اور موت کا مالک ہونا، اسی کا عبادت کے لائق ہونا، ایک ہی توجہ
سے ساری کائنات کو نیست و نابود کر دینا، دوزخ و جنت کو قائم کرنا۔ فرشتوں کو پیدا
کرنا، انبیاء کو نبوت و رسالت عطا کرنا، وحی بھیجنا، دن اور رات کا بدلنا، سمندروں
میں کشتیاں بحفاظت چلانا، بادلوں اور ہواؤں کو چلانا وغیرہ مانا جائے۔
ان افعال و صفات میں صرف اللہ خود مختار ہے، کسی غیر اللہ کو اختیار نہیں دیا گیا۔
- اللہ تعالیٰ کے خاص صفاتی نام ہیں، اللہ کو صرف انہی اسماء سے پکارا جائے جو
قرآن و حدیث سے ثابت ہیں۔ اس کے سوا کسی اور کو ان اسماء سے پکارنا خلاف شرع ہے۔
ہر چیز کو نیست سے ہست اور ہست سے نیست کر سکتا ہے۔ یہ تمام ایسی صفات ہیں جو صرف
اور صرف اللہ تعالیٰ کے لئے خاص ہیں۔
واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔
Print Date : 24 November, 2024 05:14:40 AM
Taken From : https://www.thefatwa.com/urdu/questionID/17/