Fatwa Online

روحانیت کو کیسے بڑھایا جا سکتا ہے؟

سوال نمبر:1678

مجھے یہ پوچھنا ہے کہ میں اپنی روحانیت کیسے بڑھا سکتی ہوں؟ اور یہ بھی کہ مجھے نماز میں نیند بہت آتی ہے۔ جتنا بھی میں‌ فریش ہو کر پڑھوں، ایسے ہی دعا مانگتے ہوئے بھی آتی ہے۔ میرے کانوں میں مختلف آوازیں بھی آتی ہیں۔ مجھے اس سے نجات کا کوئی طریقہ بتائیں۔

سوال پوچھنے والے کا نام: رضوانہ ناز

  • مقام: کراچی، پاکستان
  • تاریخ اشاعت: 19 اپریل 2012ء

موضوع:روحانیات  |  زکوۃ

جواب:

احکام شریعت کی پابندی کریں، نماز پابندی کے ساتھ ادا کریں، قرآن مجید کی تلاوت کریں، بکثرت حضور علیہ الصلاۃ والسلام پر درود وسلام پڑھیں، اور جب بھی فارغ ہوں تو اس وقت اللہ تعالی کا ذکر کریں، فرائض کے ساتھ نوافل کی بھی پابندی کریں۔ حلال اور حرام میں تمیز کریں، ضرورت کے مطابق کھانا کھائیں، کم سوئیں اور کم بولیں۔ فضول کھانے پینے، بولنے اور سونے سے پرہیز کریں۔ ان سب چیزوں پر عمل کرنے سے روحانیت بڑھے گی، نیک لوگوں کی صحبت اختیار کریں۔ ہر نماز نئے وضو کے ساتھ ادا کرنے کی کوشش کریں تاکہ نماز میں فریش رہیں اور نیند نہ آئے نماز پڑھتے وقت پوری توجہ سے پڑھیں نماز میں پڑھی جانے والی صورتوں کا ترجمہ یاد کریں اور دوران نماز غور وفکر کیا کریں۔ اس سے ذہن میں وسوسے بھی نہیں آئیں گے اور ان شاء اللہ نیند بھی نہیں آئے گی۔

وہم نہ کیا کریں، اسی طرح بعض اوقات اللہ تعالی کی طرف سے بندے پر آزمائش ہوئی ہے تو ایسی صورت میں پریشان بھی نہ ہوا کریں۔ ہر وقت اللہ تعالی کی مدد ونصرت کی دعا مانگا کریں، تو ان شاء اللہ آوازیں آنا بند ہو جائیں گی۔

یا دافع البلیات کا کثرت سے ورد کیا کریں۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی:حافظ محمد اشتیاق الازہری

Print Date : 21 November, 2024 04:15:17 PM

Taken From : https://www.thefatwa.com/urdu/questionID/1678/