Fatwa Online

اپنے نفس کو کیسے قابو رکھا جا سکتا ہے؟

سوال نمبر:1652

میری عمر 19 سال ہے، مجھے اپنے نفس پر قابو نہیں، جب میں تنہا ہوتا ہوں تو بہت عجیب اور غلط خیالات آتے ہیں، میں اکیلا رہتا ہوں تو مجھے آپ کی مدد کی ضرورت ہے کہ میں‌ اپنے نفس پر قابو کیسے پاؤں؟

سوال پوچھنے والے کا نام: حسن رضا

  • مقام: کراچی، پاکستان
  • تاریخ اشاعت: 19 اپریل 2012ء

موضوع:تصوف

جواب:

آپ باقاعدگی سے احکام شریعت کی پابندی کریں۔ پنجگانہ نماز ادا کریں، قرآن مجید کی تلاوت کثرت سے کریں۔ اس کے علاوہ ہر وقت اٹھتے بیٹھتے چلتے پھرتے حضور علیہ الصلاۃ والسلام پر درود وسلام پڑھیں۔ اپنے آپ کو زیادہ سے زیادہ اچھے کاموں میں مشغول رکھیں۔ آپ نے جو عمر بتائی اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ آپ طالب علم ہوں گے۔ لہذا کثرت کے ساتھ اپنی نصابی اور غیر نصابی کتب کا مطالعہ کریں۔ جب بھی فارغ ہوں کوئی نہ کوئی کتاب اسلامی، تاریخی یا اپنے سلیبس کی اٹھا کر اس کا مطالعہ کریں۔ جب غلط خیالات آئیں تو فوراً لا حول ولا قوة الا بالله اور أعوذ بالله من الشيطان الرجيم پڑھ کر کسی کام میں مشغول ہو جایا کریں۔

کوئی نہ کوئی گیم کریں، کرکٹ، ہاکی، فٹب ال یا جو اچھی گیم آپ کو پسند ہو۔ جتنا ہو سکے اپنے آپ کو مصروف رکھیں تاکہ آپ کو فارغ رہنے کا وقت ہی نہ ملے۔ کیونکہ انسان کو غلط خیالات اسی وقت آتے ہیں جب وہ فارغ ہوتا ہے، جب انسان کوئی کام نہیں کرتا تو شیطان آ کر ہر قسم کے وسوسے اس کے دل میں ڈالتا ہے، اس کا بہترین حل یہی ہے کہ آپ اپنے آپ کو مصروف رکھیں اور کبھی بھی فارغ نہ بیٹھیں۔

اللہ تعالی آپ کو اپنے حفظ وامان میں رکھے۔ آمین

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی:حافظ محمد اشتیاق الازہری

Print Date : 03 December, 2024 10:13:33 PM

Taken From : https://www.thefatwa.com/urdu/questionID/1652/