Fatwa Online

کیا طلاق دینے کے بعد معافی مانگنے سے طلاق معطل ہو جاتی ہے؟

سوال نمبر:1601

میرے خاوند نے کئی بار مجھے فون پر طلاق دی اور پھر معافی مانگ لی۔ کبھی ایک بار طلاق کا لفظ کہا اور کبھی دو بار، ایسا کئی بار ہو چکا ہے، کیا اب بھی کوئی گنجائش باقی ہے کہ طلاق نہ ہوئی ہو؟

سوال پوچھنے والے کا نام: نا معلوم

  • مقام: نامعلوم
  • تاریخ اشاعت: 03 اپریل 2012ء

موضوع:طلاق

جواب:

1۔ بصورت مسئولہ معاملہ طلاق کا چل رہا تھا اس لئے شوہر نے یہ کہا کہ تم چلی جاؤ تو یہ طلاق بائن واقع ہو گئی۔ جس سے نکاح فورا ٹوٹ گیا۔ اب بیوی آزاد ہے عدت کے بعد جہاں چاہے نکاح کر سکتی ہے۔ اور اگر اپنے پہلے خاوند سے تعلقات دوبارہ رکھنا چاہتی ہے تو دوران عدت یا بعد میں تجدید نکاح کر سکتی ہے۔ لیکن ایک طلاق ہو گئی ہے اب خاوند کے پاس دو طلاقوں کا حق رہ گیا ہے، اب جب دو طلاقیں دیں تو طلاق مغلظہ واقع ہو جائے گی۔

الکنايات لا يقع الطلاق الا بالنية أو بدلالة الحال.

(الهداية : فتاوی عالمگير)

کنایات سے صرف نیت ہو یا دلالت حال تو طلاق واقع ہو گی۔

باقی جو خاوند نے متعدد بار صریح الفاظ میں طلاقیں دیں کہ میں نے تمہیں طلاق دی۔ اگر یہ صریح الفاظ طلاق بائن کی عدت کے دوران کہے تو طلاق مغلظہ ہو گئی، یعنی اب دوبارہ ان کا بلا حلالہ نکاح جائز نہیں ہے۔ اس کے برعکس اگر یہ صریح الفاظ کہ میں نے تمہیں طلاق دی۔ طلاق بائن کی عدت کے بعد (تین حیض) یا حاملہ ہونے کی صورت میں بچے کی پیدائش کہے تو یہ الفاظ فضول گئے۔ کیونکہ نکاح ہی باقی نہ تھا۔

لہذا اگر خاوند نے طلاق بائن کی عدت کے بعد یہ کہا کہ میں نے تمہیں طلاق دی تو یہ الفاظ فضول گئے کیونکہ نکاح باقی نہ رہا تھا۔ اس صورت میں آپ اپنے خاوند سے تجدید نکاح کر سکتی ہیں۔ حلالے کی ضرورت نہیں، البتہ ایک طلاق ہو گئی ہے۔ اب خاوند کے پاس دو طلاقیں رہ گئی ہیں۔ اس کے برعکس اگر خاوند نے طلاق بائن کی عدت کے دوران یہ کہا کہ میں نے تمہیں طلاق دی، تو اس صورت میں طلاق مغلظہ واقع ہو گئی اور اب حلالے کے بغیر نکاح نہیں کر سکتے۔

مسئلہ بہت نازک ہے، حرام وحلال کی بات ہے، بہتر ہو گا کہ مزید تفصیلات دینے اور جاننے کے لئے آپ کال کریں۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی:حافظ محمد اشتیاق الازہری

Print Date : 24 November, 2024 09:55:42 AM

Taken From : https://www.thefatwa.com/urdu/questionID/1601/