جلسہ کسے کہتے ہیں اور اس کے ادا کرنے کا طریقہ کیا ہے؟


سوال نمبر:433
جلسہ کسے کہتے ہیں اور اس کے ادا کرنے کا طریقہ کیا ہے؟

  • تاریخ اشاعت: 26 جنوری 2011ء

زمرہ: عبادات  |  عبادات

جواب:

دونوں سجدوں کے درمیان بیٹھنے کو جلسہ کہتے ہیں۔ اس کے ادا کرنے کا مسنون طریقہ یہ ہے کہ پہلا سجدہ ادا کرنے کے بعد کمر سیدھی کر کے اطمینان سے بیٹھ جائے اور پھر دوسرے سجد ے میں جائے (اتنی دیر بیٹھے جتنی دیر میں تین تسبیحات سبحان اﷲ کی کہہ لے)۔ پھر دوسرا سجدہ کرے۔

اُم المومنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اﷲ عنہا سے مروی ہے :

کَانَ النَّبِيُّ صلی الله عليه وآله وسلم إِذَا سَجَدَ فَرَفَعَ رَأسَه لَمْ يَسْجُدْ حَتَّی يَسْتَوِيَ جَالِسًا وَکَانَ يَفْتَرِشُ رِجْلَهُ اليُسْرَی وَيَنْصِبُ رِجْلَهُ الْيُمْنٰی.

ابن ابی شيبه، المصنف، 1 : 254

’’حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جب سجدہ کرتے اور سجدہ سے سر اٹھاتے تو دوسرا سجدہ نہ فرماتے یہاں تک کہ پوری طرح بیٹھ نہ جاتے اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم (جلسہ کی حالت میں) اپنا دایاں پاؤں کھڑا رکھتے تھے اور بایاں پاؤں بچھا دیتے تھے۔‘‘

جبکہ عورت کو چاہیے کہ وہ بائیں سرین (کولہے) پر بیٹھے اور اپنے دونوں پاؤں دائیں جانب نکالے۔ ابن جریح بیان کرتے ہیں :

قُلْتُ لِعَطَاءِ : تَجْلِسُ الْمَرْأةُ فِی مَثْنًا عَلَی شِقِّهَا الأيْسَرِ؟ قَالَ : نَعَمْ.

ابن ابی شيبه، المصنف، باب فی المرأة کيف تجلس فی الصلاة، 1 : 242، رقم : 2791

’’میں نے حضرت عطاء سے پوچھا کہ کیا عورت اپنے بائیں حصہ (سرین) پرگھٹنوں کو موڑ کر بیٹھے گی؟ انہوں نے فرمایا : ہاں۔‘‘

علاوہ ازیں دو سجدوں کے درمیان مختلف دعائیں بھی منقول ہیں۔ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم دو سجدوں کے درمیان یہ دعا پڑھا کرتے تھے :

اللّٰهُمَّ اغْفِرْلِي وَارْحَمْنِيْ وَعَافِنِي وَاهْدِنِيْ وَارْزُقْنِي.

ابوداؤد، السنن، کتاب الصلاة، باب الدعاء بين السجدتين، 1 : 322، 850

’’اے اﷲ! میری بخشش فرما، مجھ پر رحم فرما، مجھے عافیت عطا فرما، مجھے ہدایت عطا فرما اور مجھے رزق عطا فرما۔‘‘

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔