Fatwa Online

مرشد کسے کہتے ہیں؟

سوال نمبر:145

مرشد کسے کہتے ہیں؟

سوال پوچھنے والے کا نام:

  • تاریخ اشاعت: 21 جنوری 2011ء

موضوع:عقائد  |  عقائد  |  عقائد  |  عقائد

جواب:

یہ مرشد کامل یا مربی کوئی خود بخود بنی ہوئی شخصیت کا نام نہیں بلکہ جس طرح آپ قرآن کی ساری عبارت کو صرف سند متصل کی وجہ سے اللہ کا کلام جانتے چلے آتے ہیں جس طرح آپ بخاری و مسلم کی کسی روایت کو محض اس لیے حدیث یعنی کلام رسول تسلیم کر لیتے ہیں کہ وہ معتبر اور مسلسل اسناد کے ساتھ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے روایت ہوئی ہیں، ٹھیک اسی طرح اس مرشد کامل کا قلب بھی ایسے ہی مضبوط واسطوں کے ساتھ قلب رسول سے ملا ہوا ہوتا ہے، اس کا رابطۂ روحانی بھی ایسی ہی زنجیر کی مضبوط کڑیوں کی طرح سر چشمۂ روحانیت سے جڑا ہوا ہوتا ہے جس طرح امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ و مسلم رحمۃ اللہ علیہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی احادیث اور اقوال کو اپنی کتابوں میں ضبط و نظم کے ساتھ محفوظ کرتے رہے اسی طرح حسن بصری رحمۃ اللہ علیہ جنید بغدادی رحمۃ اللہ علیہ انوار رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم و آثار صحابہ رضی اللہ عنھم سے اپنے سینوں کو منور کرتے رہے، ادھر رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا قول بذریعہ حدیث ایک سینے سے دوسرے سینے میں نقل ہوتا رہا ادھر رسول کا حال ایک سینے سے دوسرے سینے میں منتقل ہوتا رہا دونوں شعبوں کی تکمیل صحابہ کے زمانے میں بھی کئی شخصیات کے حصے میں آئی ہیں جن میں ابو بکر صدیق، عمر، عثمان، علی المرتضیٰ، ابوذر، سلمان فارسی، ابو عبیدہ، ابودرداء، ابوہریرہ رضی اللہ عنھم وغیرہ کے نام سرفہرست ہیں۔

ان کی محبت سے تابعین کی جماعت تیار ہوئی، تابعین سے تبع تابعین نے فیض حاصل کیا اور اسی طرح سینہ بہ سینہ یہ روحانیت اور مرتبہ احسان کی کيفیت منتقل ہوتی رہی، لہٰذا آج بھی اگر کوئی مرتبہ احسان تک پہنچنا چاہے تو یہ کسی کامل شخصیت سے وابستہ ہوئے بغیر ممکن نہیں۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

Print Date : 21 November, 2024 05:39:03 PM

Taken From : https://www.thefatwa.com/urdu/questionID/145/