Fatwa Online

انٹر نیٹ کے ذریعے غیر محرم سے بات چیت کرنا کیسا ہے؟

سوال نمبر:1297

السلام علیکم میرا سوال یہ ہے کہ میرے شوہر کو بیرون ملک گئے ہوئے ایک سال ہو گیا ہے۔ اور ان کی غیر موجودگی میں مجھ سے ایک گناہ ہو گیا ہے کہ میں انٹرنیٹ کے ذریعے ایک آدمی سے صرف اور صرف بات کرتی ہوں‌ اور یہ بات میرے شوہر کو بتانے کی ہمت نہیں‌ ہے۔ تو اس وقت میرے لیے کیا حکم ہے کیا یہ بات میرے شوہر کو بتانا ضروری ہے؟ دعا کی طلب گار ہوں آپ کی بہت مہربانی ہوگی اگر آپ اس سوال پر جلد سے جلد جواب دے دیں۔ جزاک اللہ الخیر

سوال پوچھنے والے کا نام: آفرین خان

  • مقام: انڈیا
  • تاریخ اشاعت: 23 دسمبر 2011ء

موضوع:جدید فقہی مسائل

جواب:

اللہ تعالیٰ ہم سب کو سیدھے راستے پر چلنے کی ہدایت اور توفیق عطا فرمائے، اس میں کوئی شک نہیں کہ آپ واقعی ایک بڑے گناہ میں ملوث ہیں اور آپ سے یہ گناہ ابھی تک جاننے کے باوجود کہ ایسا کرنا شوہر کی زوجیت میں خیانت کرنے کے مترادف ہے، سر زد ہو رہا ہے۔ آپ کے شوہر میلوں دور فقط آپ کے لیے آپ کو خوش و خرم رکھنے کے لیے آپ کو ہر سہولت اور آسانی دینے کے لیے پتہ نہیں کتنے دکھ درد اور مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ آپ ان کی امانت ہیں، لہذا آپ پر فرض ہے کہ ان کی امانت کی حفاظت کریں نہ کہ خیانت۔

یہ ایک بہت خطرناک راستہ ہے جو آپ کو تباہی و بربادی کی طرف لے جا سکتا ہے، معاشرے میں ایسے واقعات بہت پیش آتے ہیں، جن سے آپ بھی واقف ہیں، آج انٹرنیٹ پر بات ہو رہی ہے، کل فون پر اور دھیرے دھیرے ملاقات اور پھر دین اور دنیا دونوں تباہ، کیونکہ شیطان ہر وقت انسان کے ساتھ رہتا ہے، جو اسے برے کاموں پر ابھارتا رہتا ہے۔

آپ کو انہیں بتانے کی ضرورت نہیں ہے، اس سے فتنہ و فساد پھیلنے کا خطرہ ہے اور ان کا آپ پر اعتماد ہمیشہ کے لیے ختم ہو جائے گا۔ آپ فوراً اس شخص سے رابطہ منقطع کریں، اللہ سے معافی مانگیں، اور سچی توبہ کریں۔ تو اللہ تعالیٰ غفور و رحیم ہے اور اپنے شوہر میں دلچسپی لیں، آپ کو اپنے گناہ کا احساس ہوگیا، یہ بڑی بات ہے، اب شوہر کو بتانے کی ضرورت نہیں، اس سے آپ کے ازدواجی تعلقات خراب ہونگے، اعتماد ختم ہو جائے گا۔ آپ آئندہ کے لئے توبہ کریں، اور صدقہ و خیرات حسب توفیق کر دیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کو معاف فرمائے۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

Print Date : 22 November, 2024 04:19:12 AM

Taken From : https://www.thefatwa.com/urdu/questionID/1297/